مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انٹرپول نے فلسطینی تنظیم حماس کےرہنما محمود المبحوح کے قتل کے الزام میں11 ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
حماس رہنما کے قتل کا واقعہ 20جنوری کو دبئی کے ایک ہوٹل میں پیش آیا ۔دبئی حکام نے 11یورپی افراد پر قتل میں ملوث ہونے اور اس سلسلے میں مدد فراہم کرنے کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کیا ہے۔ملزمان میں سے 6 برطانوی پاسپورٹس پر دبئی پہنچے جبکہ3 نے آئرش اور بقیہ دو نے فرانسیسی اور جرمن پاسپورٹ کا استعمال کیا۔دبئی حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ قتل کے واقعہ میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد ملوث ہے ۔دبئی حکام کی درخواست پر انٹرپول نے ملزمان کی تصاویر اور وہ جعلی نام شائع کرتے ہوئے ریڈ وارنٹ جاری کئے ہیں۔ جوانہوں نے دبئی میں داخلے کے لیے استعمال کیے تھے۔انٹرپول کا کہنا ہے کہ تصاویر اور نام شائع کر نے کا مقصد یہ ہے کہ ملزمان جعلی پاسپورٹس کو استعمال کرتے ہوئے دوبارہ سفر نہ کر سکیں۔ دبئی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ موساد کے ایجنٹوں کے پاس برطانوی پاسپورٹ جعلی نہیں بلکہ اصلی تھے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائيلی کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں یورپی ممالک بھی ملوث ہیں ۔
آپ کا تبصرہ